نئی دہلی:8اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان قریب 22 معاہدے ہوئے ہیں۔ اس میں کولکاتہ سے کھلنا کے درمیان ایک ریل اور دو بس سروس شامل ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے مشترکہ بیان جاری کرکے ان معاہدے کی معلومات دی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے اس سے پہلے ٹویٹ کیاکہ ہند- بنگلہ دیش تعلقات میں ایک نیا باب، وزیر اعظم مودی نے مذاکرات سے پہلے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کا حیدرآباد ہاؤس میں خیر مقدم کیا۔مشترکہ بیان جاری کرنے کے دوران پی ایم مودی نے کہا کہ بنگلہ دیش کو 450 ملین ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا، ساتھ ہی کہا کہ دونوں ملک اقتصادی مسائل پر مل کر آگے بڑھیں گے، پڑوسی ملک کو بجلی سپلائی بڑھانے کی بات بھی پی ایم مودی نے کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کے ساتھ دوستی کا نیا باب شروع ہو گیا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ہم ہمیشہ بنگلہ دیش کی خوشحالی چاہتے ہیں اور ضروری ہے کہ دونوں ممالک ساتھ مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں۔ پی ایم مودی نے امید ظاہر کی کہ تیستا پانی کے تنازعات جلد سلجھیں گے۔گزشتہ سات سالوں میں یہ شیخ حسینہ کا پہلا دورۂ ہند ہے، وہ اس سے پہلے جنوری 2010 میں ہندوستان آئی تھیں۔ اس دورے کے دوران مودی حسینہ کے اعزاز میں ضیافت کی میزبانی کریں گے، جس میں مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی بھی شامل ہوں گی، دونوں ممالک کے سربراہ 1971 کے بنگلہ دیش کی جنگ آزادی کے شہیدوں کے اعزاز میں ہونے والے پروگرام میں بھی حصہ لیں گے۔